سرچ انجن گوگل نے ایک نئی سرچ سروس شروع کی ہے جس کے ذریعے اسے استعمال کرنے والے یہ جان سکیں گے کہ ٹی وی پر کیا پروگرام نشر ہونے والے ہیں۔ فی الحال ’گوگل وڈیو بیِٹا‘ نامی یہ سرچ صرف امریکی ٹی وی پروگراموں کی تلاش تک ہی محدود ہے۔ اس سرچ میں نہ صرف ٹی وی پروگراموں کی فہرست آپ کے سامنے آجاتی ہے بلکہ اس فہرست کے ساتھ ساتھ آپ پروگراموں کی تصاویر، وقت، تاریخ اور چینل نمبر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ گوگل کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ یہ سروس وسیع تر کردی جائے گی اور امریکی ٹی وی چینلز کے علاوہ بھی یہ پروگراموں کی سرچ کرسکے گی۔ اس سرچ کے ذریعے امریکہ میں لوگ اپنے علاقائی پوسٹ کوڈ یا زپ کوڈ دے کر علاقائی پروگراموں کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔ گوگل کا مقابل سرچ انجن یاہو بھی اسی طرح کی سروس پر کام کررہا ہے۔ یاہو کی کوشش ہے کہ اس سرچ میں پروگراموں کی فہرست کے ساتھ وڈیو کلپس بھی شامل کیے جائیں۔ اسی طرح ایک چھوٹے ادارے نے بھی ایک ماہ پہلے اسی طرح کی سروس ’بلِنک ایکس ٹی وی‘ کا آغاز کیا تھا۔ |