وائرس کی نگاہیں کریڈٹ کارڈز پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کمپیوٹر استعمال کرنے والے ان صارفین کو جو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم استعمال کرتے ہیں، ایک ایسے وائرس سے خبردار کیا جا رہا ہے جو ’انتہائی چابک دستی‘ سے کریڈٹ کارڈوں کے نمبر اور پاس ورڈ چرا رہا ہے۔ کورگو نامی وائرس کا بائیس مئی کو پتہ چلا اور اس کی زد میں آنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ کورگو ابھی بہت زیادہ عام نہیں ہوا ہے لیکن کمپیوٹر سکیورٹی کے ادارے لوگوں کو خبردار کرنے میں کوشاں ہیں کہ یہ وائرس انتہائی مؤثر انداز میں خفیہ ڈیٹا چرا لینے میں کامیاب ہو رہا ہے۔ کورگو سے متاثر ہونے والے افراد پر، خصوصاً وہ لوگ جنہوں نے حال ہی میں انٹرنیٹ پر خریداری کی ہے، زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے کریڈٹ کارڈ اور ان کے پاس ورڈ تبدیل کر لیں۔ کورگو نامی وائرس ونڈوز کے اسی حصے پر حملہ آور ہوتا ہے جہاں اس ماہ کے اوائل میں سیسر وائرس بھی کھلبلی مچا چکا ہے۔ سیسر وائرس کی طرح کورگو بھی خود بخود پورے کمپیوٹر نیٹ ورک کو متاثر کر دیتا ہے۔ اس کے باوجود کہ سیسر سے بچنے کے لیے بہت سے لوگوں نے اپنے کمپیوٹر سافٹ ویئر کو اپگریڈ کر لیا تھا لیکن اب اینٹی وائرس سافٹ ویئر بنانے والے ادارے لوگوں سے یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ کورگو سے بچنے کے لیے بھی سامان کر لیں۔ اب تک کورگو وائرس کی سات اقسام کا پتہ چلا ہے اور سکیورٹی سافٹ ویئر بنانے والوں کا کہنا ہے کہ ’اصل خطرہ یہ ہے کہ آپ کا آن لائن بینکنگ پاس ورڈ غلط ہاتھوں میں چلا جائے گا۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||