 |  ناسا کے ماہرین مریخ پر پائی گئی گول اشیاء پر حیرت میں ہیں |
سیارہ مریخ پر امریکی خلائی ادارے ناسا کے روبوٹ روور نے جو تصاویر ارسال کی ہیں ان میں گول جسامت کے کچھ اجسام نظر آ رہے ہیں جن کے بارے میں ناسا کے ماہرین فلکیات کا خیال ہے کہ ان کی گولائی کا سبب پانی ہو سکتا ہے۔ تصویروں میں، جو ایک خوردبینی کیمرے سے لی گئی ہیں، مختلف جسامت اور شکل کے دوسرے اجسام بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن گول جسموں کے بارے میں سائنسدانوں کا خیال ہے کہ ان کی یہ شکل غالباً پانی کی وجہ سے ہے۔ مریخ کی سطح کے بارے میں ناسا کے محققِ اعلیٰ کہتے ہیں کہ بہت سے ذرّات تو انتہائی باریک ہیں جن کے اوپر یہ قدرے کھردرے اور گول اجسام بکھرے ہوئے ہیں۔ ایک اور سائنسدان ہیپ میک سوین کہتے ہیں کہ کسی چیز کی گول جسامت کا سبب چند ایک عوامل ہی ہوتے ہیں۔ ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ پانی میں لڑھکنے کی وجہ سے ان کی شکل گول ہوگئی ہو۔ ایک اور سبب یہ ہو سکتا ہے کہ مریخ پر موجود کوئی چٹان پھٹ گئی ہو اور اس میں سے نکلنے والا مادہ یہ شکل اختیار کر گیا ہو۔ جبکہ اس میں موجود گیس کے سبب ان دانوں پر بلبلے بن گئے ہوں جو تصویر میں بھی نظر آ رہے ہیں۔ |