| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مریخ پر طوفان، تحقیق میں رکاوٹ
ماہرین فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ مریخ پر دھول کے طوفانوں کی وجہ سے وہاں بھیجے گئے خلائی مشنوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کئی چھوٹے طوفان سیارے کے شمالی نصف کرہ کو دھندلا رہے ہیں۔ اگر یہ طوفان بڑے ہو گئے تو ان سے تحقیق کے لئے بھیجے گئے خلائی جہازوں کے شمسی پینل متاثر ہو سکتے ہیں۔ یہ جہاز شمسی توانائی کو ایندھن کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ پچیس دسمبر یعنی کرسمس کے دن یورپ کا بیگل 2 مریخ پر اترے گا اور اس کے بعد امریکہ کے سپرٹ اور اوپورچونیٹی تین اور چوبیس جنوری کو مریخ کے سرزمین پر قدم رکھیں گے۔ مریخ کے لئے مٹی کے طوفان کوئی نئی بات نہیں ہے۔ دو سال پہلے مریخ پر ایک بڑا طوفان دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سیارے کی سطح کو دیکھنا مشکل ہو گیا تھا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفان دسمبر کے پہلے ہفتے ہی میں نظر آنا شروع ہو گئے تھے۔ اب وہ طوفان بڑے ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ کئی چھوٹے چھوٹے طوفان مل گئے ہیں۔ امریکی خلائی ادارے کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ اس کے بعد سے صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||