آئی فونز کی فروخت سے ایپل کی آمدنی میں اضافہ

آئی فونز کی زبردست فروخت سے ایپل کی آمدنی اضافے کی بات کہی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہTHINSTOCK

،تصویر کا کیپشنآئی فونز کی زبردست فروخت سے ایپل کی آمدنی اضافے کی بات کہی گئی ہے

موبائل اور کمپیوٹرز کی عالمی کمپنی ایپل نے کہا ہے کہ اس کے آئی فونز کی فروخت سے ستمبر تک کی سہ ماہی میں اس کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے کی بڑی کمپنی ایپل نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس کی آمدنی میں 22 فی صد کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی آمدنی 51.1 ارب امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔

اس نے بتایا ہے کہ اس تین مہینوں کے دوران اس کے چار کروڑ 80 لاکھ آئی فونز فروخت ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ چوتھی سہ ماہی میں اس کی ریکارڈ فروخت تھی تاہم یہ تجزیہ نگاروں کی امید سے کم رہا ہے۔

اس نے یہ بھی کہا ہے اس دورانیے میں اسے11.1 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے اور یہ کہ سنہ 2015 اس کے لیے انتہائی منافع بخش رہا ہے۔

کمپنی نے کہا: ’چوتھی سہ ماہی میں آئی فون کے ریکارڈ فروخت ، ایپل واچ کی وسیع فراہمی اور میک کمپیوٹر کی اب تک کی سب زیادہ فروخت اور خدمات کی آمدنی کی وجہ سے یہ اضافہ ہوا ہے ۔‘

چین جو کہ سمارٹ فونز کا سب سے بڑا بازار ہے وہاں اپیل کی آمدنی دگنی ہو کر 12.52 ارب ڈالر پہنچ گئی ہے۔ چین میں اب ایپل کے 25 سٹورز ہیں اور ہر مہینے کسی نہ کسی جگہ نئے سٹور کھل رہے ہیں۔

بہرحال اس سے قبل کی سہ ماہی سے یہ آمدنی کم ہے۔ رواں سہ ماہی کے لیے ایپل نے 75.5 سے 77.5 ارب ڈالر کی عالمی آمدنی کا تخمینہ لگایا ہے۔

مارننگ سٹار کے تجزیہ کار برائن کولیلو نے کہا کہ یہ تخمینہ بازار کے تخمینے سے قدرے کم ہے لیکن سرمایہ کار خراب نتیجے کی بات کہتے ہیں۔