کیا آپ کا جسم آپ کی عمر سے مطابقت رکھتا ہے؟

،تصویر کا ذریعہALAMY
لندن میں سائنسدانوں نے ایک نیا ٹیسٹ تیار کیا ہے جس سے کسی بھی شخص کی عمر رسیدگی کی شرح کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
اس ٹیسٹ میں خون، دماغ اور عضلات کی بافتوں میں پائے جانے والے ایک سو سے زیادہ جینز کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
سائنسدانوں نے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے 65 سالہ صحت مند افراد کی بافتوں کے نمونوں کا جوان افراد کے نمونوں سے موازنہ کیا۔
ان کا مقصد صحت مند رہتے ہوئے بوڑھے ہونے کا فارمولا تیار کرنا ہے۔
تجزیے سے پتہ چلا کہ کچھ معاملات میں لوگوں کی طبعی عمر ان کی اصل عمر سے 15 برس تک زیادہ تھی یعنی کہ ان کا اعضا ان سے 15 برس زیادہ عمر والے فرد جیسا برتاؤ کرتے دکھائی دیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیسٹ کی مدد سے وہ ایسے افراد کی نشاندہی کر سکیں گے جن کے بیمار ہونے کا خدشہ زیادہ ہو۔
خیال رہے کہ رواں برس ہی نیوزی لینڈ میں ہم عمر لوگوں پر کی گئی ایک اور تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ تقریباً یکساں عمر کے باوجود اُن کے جسموں پر وقت گزرنے کا اثر بالکل مختلف انداز میں ہوا۔
تحقیق کے نتائج سے سامنے آیا تھا کہ بعض افراد میں تو عمر رسیدگی تحقیق کی پوری مدت کے دوران جیسے رک سی گئی تھی جبکہ کچھ دوسرے لوگوں میں ہر گزرتے سال میں عمر کے اثرات تین برس کی مدت جیسے ظاہر ہو رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







