ناسا کی خلائی گاڑی مریخ کے سفر پر روانہ

یہ خلائی روبوٹک تجربہ گاہ پلوٹونیم بیٹری کی مدد سے دس سال تک کام کر سکتی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنیہ خلائی روبوٹک تجربہ گاہ پلوٹونیم بیٹری کی مدد سے دس سال تک کام کر سکتی ہے

مریخ پر ممکنہ زندگی کے شواہد کی تلاش ایک عرصے سے خلائی تحقیق کے ضمن میں اہم ترین ترجیح رہی ہے اور اسی سلسلے میں امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک ایسی روبوٹک لیبارٹری خلاء میں روانہ کی ہے جسے اس سرخ سیارے پر اترنے کے لیے موزوں ترین مشین کہا جا رہا ہے۔

ایک کیپسول میں بند ایک ٹن وزنی یہ خلائی گاڑی جمعہ کو اٹلس راکٹ فائیو کی مدد سے فلوریڈا میں واقع کیپ کینیورل سے روانہ کی گئی ہے۔

یہ مریخ پر زندگی کے شواہد جمع کرنے کے لیے اب تک بنایا جانے والا سب سے مہنگا اور جدید ترین روبوٹ ہے اور ناسا کے اس مشن پر دو اعشارہ پانچ بلین ڈالر کی لاگت آئی ہے۔

یہ خلائی گاڑی جس کی عرفیت’ کیوراسٹی‘ ہے ناسا کے شیڈول کے مطابق ساڑھے آٹھ ماہ کے سفر کے بعد مریخ پر چھ اگست سنہ دو ہزار بارہ کی صبح پہنچے گی۔

اگر یہ خلائی گاڑی جسے مریخ سائنسی تجربہ گاہ بھی کہا جاتا ہے شیڈول کے مطابق آئندہ برس اگست میں مریخ پر اتر جاتی ہے تو پھر روبوٹ مریخ کے سخت ترین موسمی حالات میں بھی کئی مہینوں تک مریخ کی پتھریلی اور نرم دونوں طرح کی سطح سے مٹی کے نمونے حاصل کر کے ان کا تفصیل سے تجزیہ کر سکے گا تاکہ یہ بات زیادہ وثوق سے معلوم کی جا سکے کہ آیا مریخ پر بھی کبھی زندگی کی نشوونما ہوئی تھی کہ نہیں۔

مریخ پر اس گاڑی کے اترنے کے لیے گیل کریٹر نامی مقام کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں پر ایک ایسا پہاڑ واقع ہے جو سطح سے پانچ کلومیٹر بلند ہے۔

اس جگہ کے انتخاب کی وجہ یہ ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر سے یہ پتہ چلا ہے کہ اس مقام کی سطح ایسی ہے کہ یہاں آنے والے زمانے میں خوردبینی جانداروں کا زندہ رہنا ممکن ہو سکتا ہے۔

ناسا کے مطابق کیوراسٹی میں موجود پلوٹونیم بیٹری کی مدد سے یہ دس سال تک کام کر سکتی ہے۔

ناسا کے پروگرام ڈائریکٹر ڈوگ میکوسٹن کا کہنا ہے کہ مریخ سائنس لیبارٹری کا مشن بہت اہم ہے۔

خلائی سائنسدان پروفیسر کالن پلنجر کا کہنا ہے کہ اس مشن سے تحقیق کی مد میں بالکل واضح انکشافات نہ بھی ہوئے تو تجزیے سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں زندگی کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عوامل کے بارے میں تو ضرور معلوم ہو جائےگا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service