پوپ کی خلابازوں سے بات چیت

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
رومن کیتھولک عیسائیوں کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا پوپ بینیڈکٹ نے پہلی بار خلا میں موجود خلابازوں سے بات کی ہے۔
اس بات چیت کا اہتمام یورپی خلائی ایجنسی اور ناسا نے مشترکہ طور پر کیا تھا ۔
پوپ نے ویٹیکن کی لائبریری سے ان بارہ خلابازوں سے بات کی جو عالمی خلائی سٹیشن اور خلائی شٹل پر سوار ہیں۔ ان خلابازوں میں دو اطالوی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے ٹیلی وثرن سکرین پر ان خلابازوں کو دیکھتے ہوئے ان سے خطاب کیا اور ان سے کہا کہ وہ ان کی ہمت کی داد دیتے ہیں۔
پوپ نے خلابازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دنیا اور انسانوں کے لیے نئی امیدوں اور نئے مواقع کی تلاش میں بہت اہم کام کر رہے ہیں اور یہ کہ انہیں خلا بازوں سے بات کر کے بہت خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر خلائی شٹل کمانڈر مارک کیلی سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا جن اہلیہ امریکہ میں رکن پارلیمان ہیں اور حال ہی میں انہیں ایک ریلی میں گولی لگی تھی۔ پوپ نے ان کی صحت یابی کی امید ظاہر کی۔



