گوگل مقدمہ، 85 لاکھ ڈالر کی پیشکش

گوگل پر مقدمہ کرنے والے سات صارفین کو فی کس ڈھائی ہزار ڈالر ملیں گے
،تصویر کا کیپشنگوگل پر مقدمہ کرنے والے سات صارفین کو فی کس ڈھائی ہزار ڈالر ملیں گے

گوگل نے اپنے سوشل نیٹ ورک ’بز‘ کے حوالے سے کیے گئے مقدمے کے تصفیے کے لیے پچاسی لاکھ ڈالر ادائیگی کی پیشکش کی ہے۔

’بز‘ نیٹ ورک کو رواں برس فروری میں متعارف کروایا گیا تھا اور اس میں گوگل کے جی میل اکاؤنٹ رکھنے والے تمام صارفین کو شامل کیا گیا تھا۔

ابتداء میں اس سروس کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور جی میل کے متعدد صارفین نے گوگل پر اس بنیاد پر مقدمہ کر دیا تھا کہ اس نے ان کی پرائیویسی میں مداخلت کی ہے۔

اب گوگل نے جس رقم کی پیشکش کی ہے اس کا تیس فیصد مقدمے کے اخراجات کی مد میں جائے گا۔ اس کے علاوہ گوگل پر مقدمہ کرنے والے سات صارفین کو فی کس ڈھائی ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ باقی رقم ان تنظیموں کو ملے گی جو آن لائن پرائیویسی کے لیے کام کرتی ہیں۔

اس تصفیے کے تحت گوگل کو ’بز‘ کے پرائیویسی معاملات کے حوالے سے لوگوں کو مزید آگاہی بھی دینا ہوگی۔ تاہم اس تصفیے پر عملدرآمد کے لیے اس وفاقی جج کی منظوری درکار ہے جو اس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔