سنیپ چیٹ نے الجزیرہ کے اکاؤنٹ کو سعودی عرب کے لیے بلاک کردیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سماجی رابطے کی ایپ سنیپ چیٹ نے سعودی عرب کے صارفین کے لیے الجزیرہ کے اکاؤنٹ تک رسائی کو بلاک کر دیا ہے۔
سنیپ چیٹ کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے ان سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ قطری نشریاتی ادارے کے اکاؤنٹ ’ڈسکور پبلیشر چینل‘ کو ہٹایا جائے کیونکہ یہ ان کے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
قطر کا سعودی عرب سمیت عرب ریاستوں بحرین، مصر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تنازع جاری ہے۔
ان چاروں ممالک نے دہشت گردی کی حمایت کے الزامات کے تحت قطر کے سے ساتھ تعلقات منقطع کر رکھے ہیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں اور میڈیا کی آزادی کے لیے سرگرم افراد کے مطابق سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہیں جہاں پر میڈیا کے لیے کڑی پابندیاں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم سعودی حکام الجزیرہ کو بالخصوص ناپسند کرتے ہیں۔ سعودی عرب قطری حکومت سے الجزیرہ کی بندی کا مطالبہ بھی کر چکا ہے۔ یہ مطالبہ قطر کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کے بدلے میں پیش کردہ شرائط میں شامل تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
یہ شرائط بعد میں واپس لے لی گئی تھیں۔
سعودی عرب مشرق وسطی میں سوشل میڈیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے کیونکہ یہاں بڑی تعداد میں سمارٹ فون صارفین ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بعض دفعہ سنیپ چیٹ جیسی امریکی کمپنیوں کو بھی مقامی قوانین کی پابندیوں کی وجہ سے پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔
سنیپ چیٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہنا تھا ’ہم جن جن ممالک میں کام کرتے ہیں وہاں کے مقامی قوانین سے مطابقت پیدا کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔‘











