وعدہ کریں کہ آپ ہماری قدر کریں گے، ہمارے گھر کو بچائیں گے: شیر کا ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہKerla Tourism/ Twitter
انڈیا نے 'گلوبل ٹائیگر ڈے' یا 'انٹرنیشنل ٹائيگر ڈے' کے موقعے پر شیروں کو تحفظ فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔
سائنس اینڈ ٹکنالوجی، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے شیروں کے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام میں شیروں کو بچانے کا عہد کیا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ٹائیگر کہے جانے والے شیروں کی 70 فیصد آبادی ہندوستان کی تقریبا 50 مختلف جنگلی پناہ گاہوں میں رہتی ہے۔
سنہ 2010 میں سینٹ پیٹرسبرگ میں منعقدہ کانفرنس میں 29 جولائی کو 'بین الاقوامی ٹائيگرز ڈے' کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا مقصد اس کی قدرتی رہائش کو تحفظ فراہم کرنا اور لوگوں میں اس کے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔

،تصویر کا ذریعہPTI
سنیچر بنگلہ دیش، نیپال، انڈیا، برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں 'گلوبل ٹائيگر ڈے' کے سلسلے میں تقریبات منعقد ہوئيں۔
ورلڈ وائڈ فنڈ اپنے 'ڈبل دا ٹائيگر' پروجیکٹ یعنی شیروں کی تعداد دگنی کرنے پر کام کر رہا ہے اور ہندوستان اس پروجیکٹ میں شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اتوار کو انڈیا کی سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈز میں 'انٹرنیشنل ٹائیگر ڈے' سرفہرست ہے اور لوگ اس جانور کے بارے میں اپنی رائے پیش کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہHarsh Vardhan/Twitter
انڈیا میں سکولی بچوں نے شیر کو بچانے کے لیے سکٹ پیش کیں اور شیر کے ماسک پہنے نظر آئے۔
جبکہ انڈیا میں ریت سے مجسمہ بنانے والے معروف فنکار سدرشن پٹنایک نے اس موقعے پر شیر کی جو تصویر بنائی اسے سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPTI
آلو آشیش نامی ہینڈل سے ایک صارف نے لکھا: 'شیر خوبصورتی، قوت اور قومیت کی علامت ہے اس لیے اسے بچائیں۔ خیال رہے کہ ٹائیگر انڈیا اور بنگلہ دیش کا قومی جانور ہے۔'

،تصویر کا ذریعہSudarsansand/Twitter
جنوبی ہندوستانی ریاست کیرالہ کی وزارت سیاحت نے شیر کی جانب سے ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ 'اس بین الاقوامی یوم ٹائیگر پر وعدہ کریں کہ آپ ہماری قدر کریں گے اور ہمارے گھر کو بچائیں گے۔'










