 | | | کسادبازاری سے ہزاروں افراد بےروزگار ہوئے ہیں |
جاپانی کابینہ نے چون بلین ڈالر کے ایک مالیاتی پیکج کو منظوری دیدی ہے جس معیشت میں کسادبازاری سے پیدا ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ اس طرح کا دوسرا پیکیج ہے جسے جاپانی اراکین پارلیمنٹ نے منظور کیا ہے۔ اس کے تحت بےروزگار ہونے والے افراد کو امداد، چھوٹے تاجروں کو قرضہ اور مکان مالکان کو ٹیکس میں رعایتیں مہیا کی جائیں گی۔ گزشتہ ہفتے ہی جاپانی حکومت نے کسادبازاری سے پیدا ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کے لیے حکومتی پیکیج میں دو سو پچپن بلین ڈالر کا اضافہ کیا تھا۔ معیشت کی بہتری کے لیے اسی طرح کے ایک دوسرے اقدام کے طور پر جمعہ کے روز بینک آف جاپان نے سود کی شرح گھٹاکر صفر اعشاریہ ایک کردی تھی۔ حکومت نے پیش گوئی کی ہے کہ مارچ دو ہزار کے اواخر تک جاپانی معیشت میں ترقی کی شرح صفر ہوگی۔ جاپان دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں اس پر سب سے زیادہ قرض ہے۔ جاپانی حکومت کو اپنے پیکیج پر عمل کرنے کے لیے ایک سو چودہ بلین ڈالر چاہیئیں۔ ٹوکیو میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیراعظم تارو آسو کی مقبولیت میں کمی آرہی ہے۔
|