 | | | ہیلری کے علاوہ پچھلے چند ماہ میں اس عہدے کے لیے سنہ دو ہزار چار میں صدارتی امیدوار سینیٹر جان کیری کا نام بھی آ رہا ہے |
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نو منتخب صدر باراک اوباما آئندہ ایک ہفتے میں ہیلری کلنٹن کو وزیر خارجہ کے عہدے کے لیے منتخب کرنے کا اعلان کر دیں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے باقاعدہ طور پر اس قدم کا اعلان کیا جائے گا۔ ادھر پارٹی کے اہلکاروں نے یہ بھی کہا ہے کہ دونوں نے ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن کی خیراتی یا امدادی سرگرمیوں سے متعلق مالیاتی موضوعات پر بات چیت بھی کی ہے۔ سابق صدر بل کلنٹن نے اپنی امدادی سرگرمیوں کی نظرثانی کی پیشکش کی تھی۔ ایک ہفتے قبل اوباما اور ہیلری کلنٹن کے درمیان مذاکرات کی خبر سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں تیزی سے پھیلنے لگیں کہ نو منتخب صدر ملک کے سب بڑے سفارتکار کا عہد ہیلری کلنٹن کو پیش کرنے جا رہے ہیں۔ لیکن نہ تو اوباما اور نہ ہی ہیلری نے اس خبر کی تصدیق کی۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اوباما کے ایک اہم ساتھی نے بتایا ہے کہ دونوں نے اس عہدے کے سلسلے میں کافی معنی خیز مذاکرات کیے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدر کے عہدے کے امیدوار کے لیے باراک اوباما اور ہیلری کلنٹن نے ایک لمبی لڑائی لڑی تھی۔ لیکن صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے لڑائی میں شکست کے بعد ہیلری نے باراک اوباما کی انتخابی مہم ميں پوری طرح سے ان کا ساتھ دیا۔ |