 | | | افغانستان کے جنوب میں طالبان افغان اور بین الاقوامی افواج کے خلاف شدید لڑائی میں الجھے ہوئے ہیں |
افغان افسران کا کہنا ہے کہ جنوبی شہر قندھار میں ایک سینئیر طالبان کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ افسران کے مطابق جنوبی افغانستان میں طالبان کے ڈپٹی لیڈر ملا عبدالجابر کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پاکستان جا رہے تھے۔ افغانستان کے جنوب میں طالبان افغان اور بین الاقوامی افواج کے خلاف شدید جدو جہد کر رہے ہیں۔ طالبان کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ ملاح عبدل جابر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔حالیہ مہینوں میں جنوبی صوبے میں کم از کم دو سینئیر طالبان کمانڈر گرفتار ہوئے ہیں۔ اس ماہ کے اوائیل میں افغان پولیس نے کہا تھا کہ انہوں نے ہلمند سے ملاح نقیب اللہ کو گرفتار کیا ہے۔ملاح نقیب اللہ پشتون باغی کمانڈر ہیں جو دو مرتبہ جیل سے فرار ہو چکے ہیں۔ دو ماہ قبل پاکستانی سکیورٹی فورسز نے خطے میں طالبان کے سابق کمانڈر منصور داداللہ کو بھی گرفتار کیا تھا۔انہیں طالبان قیادت نے ہٹا دیا تھا۔ ان پر غیر ملکیوں سے بات کرنے کا الزام تھا۔منصور داداللہ پھر بھی خود کو تنظیم کا حصہ مانتے تھے۔ ان تمام جھٹکوں کے باوجود بھی جنوبی افغانستان میں طالبان کی گرفت مضبوط رہی ہے۔قندھار کے کچھ حصوں میں اختتامِ ہفتہ شدید لڑائی جاری رہی۔افغانستان کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس لڑائی میں پندرہ افغان ہلاک ہوئے ہیں تاہم طالبان اس دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔ |