 | | | مصری فوجی سرحد کو دوبارہ بند کرنے کی تیاری کر رہے ہیں |
مصر کی فوج نے فلسطینیوں کو آزادی سے سرحد پار آنے جانے کی دس دن کی اجازت دینے کے بعد غزہ سے ملنے والی سرحد کو ایک بار پھر بند کر دیاہے۔ مصری فوج ابھی بھی مصر اور فلسطین کے لوگوں کو اپنے اپنے گھر واپس جانے کی اجازت دے رہی ہے لیکن اب نئے سرے سے کسی کو سرحد پارکرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب حماس کے شدت پسندوں نے اسرائیلی ناکہ بندی کوختم کرنے کے لیے مصر کے ساتھ لگنے والی سرحد کی دیوار کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس کے بعد لاکھوں فلسطینی ضروری اشیاء خریدنے کے لیے مصر میں داخل ہوئےتھے۔ مصری فوج نے اب سرحد پر خاردار تار لگا دیے ہیں جس وقت سرحد سیل کی جا رہی تھی مصر کے فوجی دستے بکتر بند گاڑیوں میں گشت کر رہے تھے۔ سنیچر کو حماس اور مصر کے افسران کے درمیان مذاکرات کے بعد سرحد کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ان مذاکرات میں حماس نے سرحد پر کنٹرول بحال کرنے میں مصر کومکمل تعاون دینے کا وعدہ کیا ہے۔ دریں اثناء مصر نے سنائی جزیرہ نما میں پندرہ مسلح فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔ اسرائیل نے تشویش ظاہر کی تھی کہ آزادی سے سرحد پار کرنے کی اس پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سےشدت پسنداسلحہ اور گولہ بارود جمع کر رہے ہیں۔
|