 | | | انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی غیر جانبدار عبوری حکومت قائم کی جائے: رپورٹ |
ایک بین الاقوامی ادارے نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوجی حکومت ملک کو ناکامی کی طرف دھکیل رہی ہے جس سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ انٹرنیشنل کرایسز گروپ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس صورت حال سے تب ہی بچا جا سکتا ہے اگر ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی بحالی اور قانون کی بالادستی قائم کی جائے۔ ادارے نے پاکستان کے بارے میں اپنی یہ رپورٹ منگل کو جاری کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور فوج نے جمہوری قوتوں کو دبا کر اور قومی اور بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کروا کر حکومت پر اپنی گرفت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر کا انتخاب موجودہ اسمبلیوں سے نہیں بلکہ شفاف اور آزادانہ انتخابات کے ذریعے عمل میں آنے والی نئی اسمبلیوں سے کروایا جائے اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی غیر جانبدار عبوری حکومت قائم کی جائے اور الیکشن کمیشن کی خود مختاری کو یقینی بنایا جائے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی بلدیاتی ادروں کو معطل کر دیا جائے اور انتخابات کے کسی بھی مرحلے میں خفیہ اداروں کی مداخلت ممنوع قرار دی جائے۔ رپورٹ میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور تمام سیاسی رہنماوں کو غیر مشروط طور پر ملک میں واپس آنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ دو سے زیادہ دفعہ وزیر اعظم بننے پر لگائی جانے والی پابندی ختن کی جائے ـ تاہم رپورٹ میں سیاسی پارٹیوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ انتخابات کے عمل اور حکومت سازی کے دوران فوج سے کسی قسم کی امداد نہ لی جائے۔ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوہ مبصرین کو انتخابات سے تقریباً تین ماہ قبل پاکستان بھیجے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی برادری سے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو دی جانے والی دفاعی امداد کو فوج کی طرف سے سول حکومت کی بالادستی قبول کرنے سے مشروط کیا جاِئے۔
|