 | | | مقتدیٰ الصدر مہینوں کے بعد منظرعام پر آئے |
عراق کے ریڈیکل شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر نے عراق میں فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کے لیے سنی رہنماؤں کے ساتھ ایک امن منصوبے کی حمایت کی ہے۔ مقتدیٰ الصدر نے، جو گزشتہ جمعہ کی نماز کے دوران کئی مہینوں کے بعد منظر عام پر آئے، کہا کہ وہ عراق پر امریکی قبضے کے خلاف سنی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے ایک سینیئر مشیر نے بی بی سی کو بتایا کہ مقتدیٰ الصدر نے اعتدال پسند سنی گروہوں سے ملاقات کی ہے جس کا مقصد ایک ’متحدہ جمہوری عراق‘ کے لیے کام کرنا ہے۔ عراق کے نائب صدر طارق الہاشمی نے مقتدیٰ الصدر کو ’نمبر ون۔۔۔ سب سے بااثر رہنما‘ قرار دیا اور ان کے بیان کو ’حوصلہ افزا‘ بتایا۔  | فرقہ وارانہ اتحاد کی اپیل  کوفہ میں ایک بیان کے درمیان مقتدیٰ الصدر نے غیرملکی فوجوں کو عراق کے مسائل کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔ الصدر کا کہنا تھا کہ سنی اور شیعہ رہنما ملک میں غیرملکی افواج کی موجودگی کی مشترکہ مخالفت کریں۔  |
کوفہ میں ایک بیان کے درمیان مقتدیٰ الصدر نے غیرملکی فوجوں کو عراق کے مسائل کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔ الصدر کا کہنا تھا کہ سنی اور شیعہ رہنما ملک میں غیرملکی افواج کی موجودگی کی مشترکہ مخالفت کریں۔الصدر نے کہا: ’میں عراق میں اپنے سنی برادران سے کہتا ہوں کہ ہم بھائی ہیں اور قابض طاقت نے عراقی عوام کو کمزور کرنے کے لیے ہمیں تقسیم کردیا۔‘ ان کے ایک سینیئر مشیر عبد المہدی المتیری نے بی بی سی کو بتایا کہ مقتدیٰ الصدر کی تنظیم اعتدال پسند سنیوں سے سمجھوتے کی کوشش کررہی ہے۔ مشیر کے مطابق ان کے ایک نمائندے نے ’انبار اویکنِنگ کونسل‘ سے ’فرقہ وارانہ بغاوت‘ کے خاتمے کے لیے ملاقات کی ہے۔ مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے ہمیشہ امن اور تعاون کی بات نہیں کی ہے۔ ان کی تنظیم مہدی آرمی بغداد میں حالیہ امریکی فوجی آپریشن کے نشانے پر ہے۔ لیکن جب بغداد میں امریکی فوجیوں نے کارروائی شروع کی تب الصدر نے اپنے جنگجوؤں کو میدان سے ہٹالیا تھا۔ حال ہی میں جب مقتدیٰ الصدر عراق سے چلے گئے تھے، تو ان کے حامی چھ وزراء عراقی کابینہ سے الگ ہوگئے۔ یہ وزراء الصدر کے اس مطالبے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے کہ امریکہ عراق سے اپنی افواج کے انخلاء کے لیے ٹائم ٹیبل کا تعین کرے۔
|