’حالات رخ بدل سکتےہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کے وزیراعظم ٹونی بلیئر نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ایرانی حراست میں موجود پندرہ برطانوی فوجیوں کی رہائی کی سفارتی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو حالات مختلف رخ اختیار کر سکتے ہیں۔ برطانوی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ٹونی بلیئر کا کہنا تھا کہ’ اس وقت ہم اس معاملے کو سفارتی حلقوں کی مدد سے حل کرنے کی کوشش میں ہیں اور ایرانی حکومت کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ ان افراد کو زیرِ حراست رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ہم انہیں یہ باور کرانے میں کامیاب ہوں گے کہ وہ ہمارے فوجی چھوڑ دیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو حالات ایک مختلف رخ اختیار کر لیں گے۔ تاہم ٹونی بلیئر کے سرکاری ترجمان نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ’مختلف رخ‘ سے مراد ایران کے خلاف کوئی سخت سفارتی اقدام نہیں ہے اور نہ ہی اس سے مراد ایران کے خلاف فوجی کارروائی ہے۔ ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ برطانیہ وہ ثبوت بھی سامنے لا سکتا ہے کہ فوجیوں کا یہ گروپ ایرانی پانیوں میں داخل نہیں ہوا تھا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق’ہم یہ کہتے آئے ہیں کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ فوجی عراقی پانیوں میں تھے‘۔ ان تبصروں پر کہ ان فوجیوں کی گرفتاری کا تعلق عراق میں امریکیوں کے ہاتھوں ایرانیوں کی گرفتاری سے ہو سکتا ہے، ٹونی بلیئر کا کہنا تھا کہ اس موقع پر حالات اس وقت سے بالکل مختلف ہیں کیونکہ عراق میں ایرانی فوج کی موجودگی اقوامِ متحدہ کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا ’آخر میں سوال اس بات کا ہے کہ کیا ایرانی حکومت بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنا چاہتی ہے یا نہیں‘۔ اس سے قبل ایران نے کہا تھا کہ خلیج فارس سے پکڑے جانے والے اہلکاروں پر غیر قانونی طور پر ایرانی حدود میں داخل ہونے بنیاد پر مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ایرانی حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ چار دن قبل برطانوی بحریہ کے وہ پندرہ اہلکار، جن میں آٹھ سیلرز اور میرین فورس کے سات ارکان شامل ہیں، ہشاش بشاش ہیں۔ برطانوی فوجیوں کو اس وقت ایرانی اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا جب وہ ایک عراقی کشتی کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی چھوٹی کشتیوں کی جانب آ رہے تھے جن کے ذریعے انہیں واپس اپنے بحری جہاز ’ایچ ایم ایس کارنیوال‘ پر جانا تھا۔ | اسی بارے میں برطانوی فوجی ’ہشاش بشاش‘ ہیں26 March, 2007 | آس پاس ’ایران کا اقدام بلا جواز ہے‘25 March, 2007 | آس پاس برطانوی فوجیوں نے’اعتراف‘ کرلیا24 March, 2007 | آس پاس 15 برطانوی فوجی ایرانی قبضے میں23 March, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||