 | | | وزیر دفاع رابرٹ گیٹس |
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ امریکہ ایران پر حملے کے لیے بہانہ نہیں ڈھونڈ رہا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے انقلابی گارڈز کی ایک شاخ ’القدس فورس‘ عراق میں امریکی افواج پر حملوں میں ملوث ہے۔ انقلابی گارڈز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنئی کو جوابدہ ہیں۔ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس امریکی افواج کے سربراہ جنرل پیٹر پیس کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ گیٹس نے کہا: ’ہم ایران سے لڑائی کرنے کے لیے کوئی بہانہ نہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ ہم ایران کے ساتھ لڑائی کا منصوبہ نہیں بنارہے ہیں۔‘ وزیر دفاع گیٹس نے، جو کہ سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر بھی ہیں، مزید کہا کہ القدس فورس کے عراق میں ملوث ہونے کی بات ’ٹھوس حقائق‘ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عراق جنگ سے قبل وسیع تباہی کے ہتھیاروں سے متعلق کی انٹیلیجنس پر عوام کے شکوک کے بارے میں آگاہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس کے ملوث ہونے کی بات صرف ایک قیاس آرائی نہیں ہے۔ چند روز قبل امریکی صدر جارج بش نے بھی کہا تھا کہ القدس فورس عراق میں امریکی افواج پر کچھ حملوں سے منسلک ہے۔ مبصرین کے مطابق صدر بش نے یہ بات ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے کی تھی۔
|