الفتح، حماس متحدہ حکومت پر متفق | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی تنظیموں حماس اور الفتح کے درمیان ایک متحدہ حکومت کے قیام کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے صدر اور الفتح کے رہنما محمود عباس اور حماس کے سیاسی شعبے کے رہنما خالد مشعل نے مکّہ میں سعودی عرب کے حکمران شاہ عبداللہ کی طرف سے دی گئی ایک تقریب میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔ نئی حکومت میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ حماس سے تعلق رکھنے والے اسماعیل ہنیہ کے پاس ہی رہے گا جبکہ کچھ اہم عہدے غیر جانبدار ارکان کو دیے جائیں گے۔
دونوں تنظیموں کے درمیان یہ معاہدہ کئی ہفتے جاری رہنے والی جھڑپوں اور فلسطینی انتظامیہ میں حماس کی حکومت کے خلاف ایک سال سے جاری بین الاقوامی پابندیوں کے بعد ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق معاہدے کے مسوّدے میں اسرائیل کو باقاعدہ تسلیم کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ حماس نے صرف اتنا کہا ہے کہ ان کی حکومت اسرائیل کے ساتھ ماضی میں ہونے والے معاہدوں کا پاس کرے گی۔ حماس یہودی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی رہی ہے جو فلسطینی انتظامیہ کے خلاف اقتصادی بائیکاٹ کرنے والے ممالک کا اہم مطالبہ ہے۔
حماس اور الفتح کے درمیان سن دو ہزار چھ کے انتخابات کے بعد سے اقتدار کی لڑائی چل رہی ہے۔ حماس کو ان انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ حماس فلسطینی انتظامیہ کی مقننہ میں اکثریتی گروپ ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار جان لین نے غزہ میں کہا کہ الفتح اور حماس نے اپنے اختلافات ختم کر دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کے درمیان حکومتی عہدوں کی تقسیم کے بارے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے تحت آزاد ارکان خزانہ، خارجہ امور اور داخلہ امور کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ فلسطینیوں کے نقطۂ نظر سے سب سے اہم پیش رفت الفتح اور حماس کے کارکنوں کے درمیان کا لڑائی کا خاتمہ ہو گی جو چند روز پہلے تک جاری تھی۔ حماس اور الفتح کے درمیان معاہدے کے بعد ایک اور اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حماس نے کچھ ایسا وعدہ کیا ہے جس سے بین الاقوامی برادری کو فلسطینی انتظامیہ کے خلاف پابندیاں ختم کرنے میں آسانی ہو۔ | اسی بارے میں فلسطینی: سعودی مصالحت قبول 29 January, 2007 | آس پاس غزہ: جھڑپوں کے بعد حالات میں بہتری03 February, 2007 | آس پاس اسماعیل ہنیہ: پیش رفت کی امید ہے06 February, 2007 | آس پاس مکہ میں مذاکرات کی تیاری07 February, 2007 | آس پاس مکہ: حماس، الفتح میں مذاکرات شروع07 February, 2007 | آس پاس مکہ: حماس،الفتح میں مذاکرات جاری08 February, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||