 | | | ہلاکتوں کی تعداد پر اتفاق نہیں |
برطانیہ نے اس سروے کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عراق پر حملوں کے نتیجے میں ساڑھے چھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ برطانوی وزیر خارجہ مارگریٹ بیکیٹ نے کہا کہ اس سروے میں ہلاکتوں کی تعداد کسی بھی دوسرے تجزیہ سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ برطانوی طبی جریدے لانسیٹ میں سروے کے نتائج شائع ہوئے ہیں جن کے مطابق عراق پر حملوں سے اب تک چھ لاکھ پچپن ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی صدر جارج بش نے بدھ کے روز سروے کے نتائج پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ہلاکتوں کی یہ تعداد ’قابل اعتبار نہیں‘ ہے۔ عراقی حکومت کے ترجمان علی الدباغ نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھا چڑھاکر پیش کی گئی ہے اور اس سروے کے لیے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کا طریقہ درست نہیں ہے۔ اس سروے کے لیے محققین نے اٹھارہ سو پچاس خاندانوں سے بات چیت کی جن میں بارہ ہزار آٹھ سو افراد رہتے ہیں۔ رائے دہندگان ملک کے مختلف علاقوں میں چالیس گھروں پر مبنی درجنوں برادریوں میں رہتے ہیں۔
|