دستی سامان کے قوانین میں نرمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دس اگست کو ایک مبینہ دھشت گرد منصوبے کے ظاہر ہونے کے بعد برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر جو حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے ان میں حکومت نے جمعہ کے روز سے نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اب مسافر جہاز میں اپنے ساتھ پہلے کی طرح صرف ایک ہی بیگ لے جاسکیں گے لیکن اس کے سائز میں اب اضافہ کرکے ایک چھوٹے پہیوں والے سوٹ کیس کے برابر کر دیا گیاہے۔ ان پابندیوں کو پروازوں میں تاخیر اور اس کی وجہ سے ہونے والے ہوائی کمپنیوں کو نقصان کا ذمہ دار قرار دیا جاتا رہا ہے۔ کئی مائع اشیاء جہاز میں لیجانے پر اب بھی پابندی ہے تاہم موسیقی کے ساز و سامان سمیت مخلتف آلات کو ایک الگ بیگ میں لیجانے کی اجازت ہوگی۔ پیشہ ور موسیقاروں نے ان پابندیوں پر شدید تنقید کی تھی اور کئی نے اپنے قیمتی سازوں کو دیگر سامان کے ساتھ جمع کروانے کے بجائے اپنے پروگرام منسوخ کردئیے تھے۔ پابندیوں میں یہ نرمی حکومت کے ٹرانسپورٹ سکیورٹی ڈویژن اور ہوائی سفر کی صنعت کے درمیان پیر کے روز ہونے والے مذاکرات کے بعد کی گئی ہے۔ برطانیہ کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس نرمی کا مقصد سکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔ مسافروں کواب بھی سخت سکیورٹی سے گزرنے کے لئے اپنی پرواز سے خاصہ پہلے ہوائی اڈے پر آنا پڑے گا۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے ’اگست میں نافذ کی جانے والی پابندیوں کی وجہ ایک ایسا خطرہ تھا جو اب بھی موجود ہے‘ برٹش ائیرویز نے پابندیوں میں نرمی کا خیر مقدم کیا ہے۔ صرف اس ایک ائیر لائین کوان پابندیوں کی بنا پر ایک ہزار سے زیادہ منسوخ کی جانے والی پروازوں کی وجہ سے چار کروڑ پاؤنڈ سٹرلنگ کا نقصان ہوا ہے۔ رائن ائیر نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ حکومت سے ان تیس لاکھ پاؤنڈ سٹرلنگ کے نقصان کا مطالبہ کرے گی جس کا انہیں دھشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کی وجہ سے ہونے والی پروازوں کی تاخیر کی وجہ سے ہوا تھا۔ رائن ائیر کا کہنا ہے کہ دستی سامان کے سائز میں اضافہ حفاظت کو یقینی بنائے گا لیکن انہیں اب بھی تفصیلی جامہ تلاشی کے لئے لمبی قطاروں پر تشویش ہے۔ رائن ائیر نے یہ بھی کہا کہ ہوائی اڈوں پر سکیورٹی اہلکار عمر رسیدہ جوڑوں اور کم عمر بچوں کی بھی دھشت گرد ہونے کے شبہ میں تفصیلی جامہ تلاشی لیتے ہیں جب کہ ظاہر ہے وہ دھشت گرد نہیں ہوسکتے۔ دس اگست کو برطانیہ سے امریکہ جانے والی پروازوں کو تباہ کرنے کے مبینہ منصوبے کے منظر عام پر آنے کے بعد ہیتھرو سمیت برطانیہ کے تمام ہوائی اڈوں سے ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں تھیں۔ شروع میں تمام دستی سامان پر پابندی عائد کردی گئی تھی لیکن بعد میں لیپ ٹاپ کمپیوٹر سائز کے بیگ مسافروں کو جہاز میں لیجانے کی اجازت دے دی گئ تھی۔ دستی سامان کی حد اب بڑھا کر 56x45x25 سینٹی میٹر کردی گئی ہے۔ الیکٹرونک آلات مسافروں کو اپنے ساتھ لیجانے کی اجازت ہوگی تاہم لیپ ٹاپ کمپیوٹر کو سکیورٹی مشینوں سے گزارنے کے لئے الگ کرنا ہوگا۔ موجودہ حفاظتی اقدامات کے تحت ادویات، بچوں کا دودھ اور غذا کے علاوہ تمام مائع اشیاء لیجانے پر اب بھی پابندی ہے۔ | اسی بارے میں ’طیاروں کی تباہی کا منصوبہ ناکام‘ 10 August, 2006 | آس پاس ’القاعدہ منصوبہ جیسا لگتا ہے‘10 August, 2006 | آس پاس ’طیارے سازش‘ کے ایک ملزم کی رہائی12 August, 2006 | آس پاس ہیتھرو:ایک تہائی پروازیں منسوخ13 August, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||