لبنان جنگ: تحقیقات کی منظوری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیلی کابینہ نے لبنان میں حزب اللہ سے جنگ کی تحقیقات کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ اتوار کے روز کابینہ کے دو کے مقابلے میں بیس اراکین نے چونتیس روزہ جنگ کے دوران ممکنہ غلطیوں کے بارے میں تحقیقات کے لیے حکومتی کمیشن بنانے کی منظوری دی ہے۔ ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم ہونے والا کمیشن جولائی میں دو اسرائیلی فوجیوں کی حزب اللہ کے ہاتھوں حراست کے بعد جنگ شروع کیے جانے کے بارے میں اسرائیل کی سیاسی اور فوجی قیادت کے فیصلوں کا جائزہ لے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی ریزرو فوج کے اہلکار، جرنیل اور مختلف گروہ حکومت پر جنگ میں ناکامی پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔ اس بارے میں عام اسرائیلی شہری مظاہرے بھی کرتے رہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اسرائیل کے وزیراعظم نے آزادانہ جانچ کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے حکومتی کمیشن با اختیار ہے۔ انہوں نے ریاستی کمیشن کے قیام کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا اس میں بہت وقت صرف ہوگا اور فوج بھی الجھن میں پڑسکتی ہے۔ کابینہ جب کمیشن بنانے پر غور کر رہی تھی تو اس وقت بھی یروشلم میں وزیراعظم ایہود اولمرٹ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہورہا تھا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں جو بینر اور کتبے تھے ان پر وزیراعظم، وزیر دفاع اور آرمی چیف سے مستعفی ہونے کے مطالبے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومتی کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا اعلان توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ اسرائیل کے سابقہ فوجیوں نے بھی وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایک ایسی جنگ کے لیے فوج کو بھیجا جس کے لیے وہ تیار ہی نہیں تھے۔ ادھر اسرائیل کی ریزرو فوج کے پچیس جرنیلوں نے موجودہ آرمی چیف سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ جنگ میں ناکامی پر تنقید کرنے والے زیادہ تر عام اسرائیلی شہری ہیں جنہیں فوج میں کسی وقت اپنی خدمات سرانجام دینی ہیں۔ | اسی بارے میں لبنان کی فضائی ناکہ بندی ختم06 September, 2006 | آس پاس اسرائیل پیش رفت سے مطمئن: عنان 13 September, 2006 | آس پاس اسرائیل نے کلسٹر بم استعمال کیئے31 August, 2006 | آس پاس ’امن مشن پر حملہ المناک بھول‘15 September, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||