جلال آباد میں بم دھماکہ، آٹھ ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشرق افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں پیر کے روز ایک مسجد کے باہر کار بم دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ ایک درجن زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے میں ننگرہار کے گورنر گل آغا شیرزئی محفوظ رہے۔ یہ لوگ وہاں ایک سابق کمانڈر کی یاد میں منعقد ایک تقریب کے لیئے جمع تھے۔ گل آغا شیرزئی نے رائٹر کو بتایا کہ اس کار بم دھماکے کا ہدف وہ تھے۔ ادھر امریکی اتحادی افواج نے پیر کے روز جنوبی افغانستان میں سکیورٹی کا انتظام نیٹو کے حوالے کر دیا ہے۔ مشرقی افغانستان میں ایک دھماکے میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ نیٹو کے برطانوی کمانڈر لیفٹینٹ جنرل ڈیوڈ رچرڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے فوجی اس وقت تک افغانستان میں رہیں گے جب تک اس ملک کے عوام کو ان کی ضرورت ہوگی۔ اس سے قبل نیٹو دارالحکومت کابل اور ملک کے شمال اور مغرب کا سکیورٹی انتظام سنبھالے ہوئے تھی۔ فرانسیسی وزیرِ دفاع نے اپنے دو روزہ دورۂ افغانستان کے اختتام پر کہا تھا کہ افعانستان میں ہونے والے متعدد حملوں میں پاکستان سے آنے والے طالبان کا ہاتھ ہے۔ کابل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیل ایلیٹ میری کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پاکستان سے حقیقی تعاون کی ضرورت ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ یہ ان کے لیئے مشکل کام ہے۔ پاک افغان سرحد بہت دشوارگزار علاقہ ہے اور ہم پاکستان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس علاقے پر کنٹرول کے لیئے مزید کوششیں کرے۔ ہمارے خیال میں بہت سے طالبان جنگجو اس علاقے سے افغانستان آ رہے ہیں‘۔ پاکستان یہ کہتا رہا ہے کہ وہ افغان سرحد پر دراندازی روکنے اور گشت بڑھانے کے لیئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیر سے جنوبی افغانستان کی کمانڈ سنبھالنے والی نیٹو افواج کو پاکستان سے مزید بہتر تعاون درکار ہوگا۔ اٹھارہ ہزار نیٹو فوجی پیر سے جنوبی افغانستان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیں گے۔ اس سے قبل یہ علاقہ امریکہ کی زیرِ سربراہی اتحادی فوج کی نگرانی میں تھا اور گزشتہ چند مہینوں میں اس علاقے میں آٹھ ہزار کے قریب برطانوی، کینیڈین اور ولندیزی فوجی تعینات کیئے گئے تھے۔ | اسی بارے میں طالبان کے کیمپ بند کریں: کرزئی02 July, 2006 | پاکستان انٹیلیجنس کے تبادلے پر اتفاق06 June, 2006 | پاکستان الزامات بے بنیاد ہیں: پاکستان19 May, 2006 | پاکستان طلباء کو اکسایا جاتا ہے: کرزئی18 May, 2006 | پاکستان ’اسامہ زندہ ہیں تو افغانستان میں ہیں‘15 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||