بغداد دھماکے، کم از کم پچاس ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق کے دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم پچاس ہوگئی ہے جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔ جنوبی عراق میں ایک بم دھماکے میں دو برطانوی فوجی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ تازہ ترین کار بم حملہ بغداد کے شمال میں اہل تشیع کی ایک مسجد کے نزدیک کیا گیا ہے جس میں پندرہ افراد ہلاک اور کئی زخمی بتائے جارہے ہیں۔ بغداد میں اس سے قبل کئے گئے چار بم حملوں میں 35 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان دھماکوں کے چند ہی گھنٹوں بعد یہ تازہ حملہ کیا گیا ہے۔ یہ دھماکے سانحۂ سامرہ کے بعد بغداد شہر میں لگائے جانے والے کرفیو کے اٹھائے جانے کے چوبیس گھنٹے بعد ہی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ جانی نقصان ایک پٹرول پمپ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں ہوا جس میں بیس افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ بغداد کے مرکزی کرادہ ڈسٹرکٹ میں ہونے والے دھماکے میں چار افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوئے۔ دیگر دو دھماکے شہر کے مشرقی حصے میں ایک بازار میں اور ایک ڈاکخانے کے باہر ہوئے جن میں چھ افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوئے۔
سانحۂ سامرہ کے بعد سے عراق میں اب تک تشدد کے مختلف واقعات میں کم از کم ایک سو پینسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے اکثریت سنّی عرب تھے۔ ادھر جنوبی عراق کے شہر امارہ کے مضافات میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے دو برطانوی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ برطانوی وزارتِ دفاع کی ترجمان کے مطابق زخمی فوجی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان دو فوجیوں کی ہلاکت کے بعد عراق آپریشن میں ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد 103 ہوگئی ہے۔ عراق میں جاری تشدد کے حوالے سے امریکی صدر بش نے کہا ہے کہ عراق کے شہریوں کو افراتفری اور اتحاد میں سے کسی ایک کے انتخاب کا سامناہے اور انہیں فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ایک آزاد معاشرے کے خواہشمند ہیں یا پھر کسی ایسے معاشرے کے جس میں برے لوگ معصوم لوگوں کی جان لیتے ہیں۔ امریکی صدربش نے عراقی میں جاری تشدد کے حوالے سے سات عراقی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور ان کے بقول تمام نے انہیں قومی اتحاد کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ | اسی بارے میں عراق:روضےپرحملہ، امن کوشش جاری26 February, 2006 | آس پاس عراق میں امن کے لیے مذاکرات26 February, 2006 | آس پاس عراق: مفاہمتی مذاکرات، 16ہلاک26 February, 2006 | آس پاس عراق میں کرفیو کے باوجود 36 ہلاک25 February, 2006 | آس پاس عراق: 130 ہلاک، کرفیو میں توسیع23 February, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||