'برڈ فلو کی دوا نہ خریدیں' | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یورپ میں پہلے شخص کے برڈ فلو کا شکار ہونے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھبراہٹ میں آ کر برڈ فلو کی علامات کم کرنے والی دوا نہ خریدیں۔ ادارے کے کہنا ہے کہ 'ٹیمی فلو' نامی دوا کو ویکسین نہ سمجھیں کیونکہ یہ دوا ایوین وائرس کے شکار انسانوں میں مرض کی علامت پر قابوتو پا سکتی ہے لیکن کسی کو وائرس لگنے سے بچا نہیں سکتی۔ جنیوا میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق عالمی ادارہ چاہتا ہے کہ ٹیمی فلو کا ذخیرہ رکھیں کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ لوگ گھبرا کر دوا کا بے دریغ استعمال کرنا شروع کر دیں گے۔ نامہ نگار نے مزید بتایا کہ جب سے یہ خبر آئی ہے کہ ترکی اور رومانیہ میں چند لوگ برڈ وائرس کا شکار ہوگئے ہیں دوا فروشوں کے مطابق یورپ کے تمام ممالک میں لوگوں نے ٹیمی فلو خریدنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ دریں اثناء رومانیہ میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں ایک تیسری جگہ پر بھی برڈ فلو ہو چکا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس مقام پر بھی برڈ فلو کا شکار ہونے والی پولٹری مہلک وائس (ایچ5 این1) کا شکار ہوئی ہے یا وائرس کی دوسری غیرمہلک قسم کی۔ یہ معلوم کرنے کے لیے مرض کے شکار پرندوں کے خون کے نمونے برطانیہ بھیج دیے گئے ہیں۔ دوسری طرف خبروں کے مطابق یونان میں بھی برڈ وائس کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ تاہم رومانیہ کی طرح ابھی تک یونان کے بارے میں بھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ وہاں منظر عام پر آنے والے واقعہ وائرس کی مہلک قسم سے پیدا ہوا ہے یا غیر مہلک قسم سے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||