ریٹا: دس لاکھ افراد کا انخلاء شروع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سمندری طوفان ریٹا کی آمد سے پہلے امریکہ میں خلیجی علاقوں سے دس لاکھ افراد کو نکالنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ طوفان کی شدت کے پیش نظر اسے پانچویں درجے کا طوفان قرار دے دیا گیا ہے جو سب سے شدید درجہ ہوتا ہے۔ یہ طوفان ٹیکساس کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس میں ہوا کی رفتار دو سو پینسٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کے قریب ہے۔ ریاست لوئیزیانا سے ایک بار پھر لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔ لوئیزیانا کا شہر نیو آرلینز چند ہفتے پہلے آنے والے ایک اور طوفان کترینا سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا نے ہیوسٹن میں جانسن سپیس سنٹر کو بند کر دیا ہے اور بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے کنٹرول کا کام روس منتقل کر دیا ہے۔ سمندری طوفان ریٹا کے خطرے کے پیش نظر ہیوسٹن کے میئر نے شہر کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔ میئر مسٹر وائٹ نے لوگوں سے کہا ہے کہ حکومت کے پاس لوگوں کو منتقلی میں مدد دینے کے لیے گاڑیوں کی خاطر خواہ تعداد نہیں ہے اس لیے وہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں موجود اپنے دوستوں اور ہمسایوں کی مدد کریں۔ اس سے پہلے موصول ہونے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ بحراوقیانوس سے اٹھنے والا سمندری طوفان فلوریڈا اور کیوبا کے ساحلی علاقوں میں تباہی پھیلانے کے بعد اب خلیج میکسیکو میں داخل ہو گیا ہے۔ ابتدا میں سمندری طوفان ریٹا کو’ کیٹگری ٹو‘ یا درجہ دوئم کا طوفان قرار دیا جا رہا تھا لیکن خلیج میکسیکو میں سمندر کی سطح پر درجہ حرارت کی وجہ سے اس طوفان میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ بحر اوقیانوس میں طوفان کی ہواؤں کی رفتار ایک سو ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جو کہ خلیج میکسیکو میں سطح سمندر کے درجہ حرات کی وجہ سے دو سو پچاس کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گئی ہے۔ خلیج میکسیکو میں تیل کی کپمنیوں نے اپنی تنصیبات کو بند کرنا شروع کر دیا ہے اور سمندر میں تیل کے پلیٹ فارموں پر کام کرنے والے کارکنوں کو بھی باہر نکالا جا رہا ہے۔ نیشل ہریکین سینٹر کے مطابق ریٹا کی شدت بھی کترینا کی شدت تک پہنچ سکتی ہے۔ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قومی ادارے فیڈرل ایمرجنسی مینیجمٹ ایجنسی کے سربراہ ڈیوڈ پالیسن نے کہا کہ طوفان ریٹا کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر سکتا ہے۔ صدر بش کو بھی ریٹا کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ابھی تک طوفان کا زور ساحلی علاقوں کی طرف نہیں رہا تاہم اس کی وجہ سے فلوریڈا کے جنوبی ساحلی اور کیوبا کےشمالی ساحلی علاقوں میں زبردست بتاہی پھیلی ہے۔ عمارتوں اور شہری سہولیات کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||