11 / 9 کی چوتھی برسی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گیارہ ستمبر سنہ 2001 کو نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملوں کی چوتھی برسی کے موقع پر جائے حادثہ پر ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ کونڈالیزا رائس ، نیویارک کے گورنر جارج پیتیک اور شہر کے مئیر مائیکل بلومبرگ بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس تقریب میں حملے کے دوران مارے جانے والے دو ہزار سات سو انچاس افراد کے نام ان کے بھائی اور بہن پڑھ کر سنائیں گے۔ اس موقع پر مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر چھیالیس منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ یہ وہ وقت ہے جب پہلا طیارہ عمارت سے ٹکرایا تھا۔ مرنے والوں کےنام پڑھنے کی تقریب مزید تین مرتبہ اس وقت بھی روکی جائے گی جب دوسرا طیارہ عمارت سے ٹکرایا اور دونوں ٹاور زمیں بوس ہوئے۔ غروبِ آفتاب کے وقت دونوں ٹاورز کے استعارے کے طور پر لوئر مین ہٹن سے روشنی کی دو شعائیں آسمان کو منور کریں گی۔ ان حملوں کے چار برس بعد ورلڈ ٹریڈ سنٹر کی جگہ یعنی گراؤنڈ زیرو پر یادگار کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو رہا ہے۔ یہ یادگار چار برس کے عرصے میں مکمل ہو گی جبکہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر کی جگہ ’آزادی ٹاور‘ کے نام سے بننے والی تجارتی عمارت سنہ 2011 میں پایہ تکمیل کو پہنچےگی۔ سمندری طوفان کترینا سے متاثرہ علاقوں میں بھی گیارہ ستمبر کے حملوں کی یاد منائی جائے گی اور امدادی کارروائیوں میں مصروف نیویارک پولیس کے تین سو سپاہی اور افسران مرنے والوں کی یاد میں خاموشی اختیار کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||