فلسطینی وزیرِاعظم غزہ کے دورے پر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی وزیرِاعظم احمد قریع غزہ کی سابق یہودی بستیوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ گش کاتف نامی سابقہ یہودی بستی کے دورے میں فلسطینی کابینہ کے اراکین اور خان یونس علاقے کے گورنر اور شہر کے میئر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اس دورے میں نیو دکلیم سمیت متعدد سابق یہودی بستیوں میں بھی جائیں گے۔ ادھر غزہ اور مصر کے سرحدی قصبے رفاہ میں لوگوں نے سرحد کے آر پار آمدورفت جاری رکھی۔ رفاہ کا قصبہ سرحد کے دونوں جانب بٹا ہوا ہے۔ پیر کو ہزاروں فلسطینیوں اور مصریوں نے یہ سرحد پار کی اور ان میں سے زیادہ تر اپنے بچھڑے ہوئے خاندانوں سے ملنے کے لیے سرحد پار آئے۔ اطلاعات کے مطابق قصبے کے افراد اشیائے ضرورت کی خریداری کے لیے بھی رفاہ کے مصری حصے میں گئے جہاں قیمتیں فلسطینی علاقے کی نسبت کم ہیں۔ غزہ کے علاقے میں رفاہ کی سرحد کی نگرانی فلسطینی حکام کر رہے ہیں جبکہ مصری فوج نے دوسری جانب کی نگرانی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ پیر کو فلسطینیوں نے اڑتیس سال کے بعد غزہ کی پٹی کے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور ہزاروں فلسطینی سابقہ یہودی بستیوں میں داخل ہو گئے تھے۔ ان میں سے کچھ افراد نے علاقے میں موجود کنیساؤں کو بھی نذرِ آتش کر دیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||