38 سال بعد غزہ میں فلسطینی پرچم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اڑتیس سال کے قبضے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے پیر کو واپسی شروع کردی جس کے ساتھ ہی فلسطینی سکیورٹی افواج نے وہاں اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں کی واپسی شروع ہوتے ہیں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے خوشیاں منانا شروع کر دیں، جبکہ کئی فلسطینی یہودیوں کی چھوڑی ہوئی بستیوں میں چلے آئے۔ ایک بستی میں یہودیوں کی کئی عمارتوں کو جن میں ان کی ایک عبادت گاہ بھی شامل ہے، نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ اس عبادت گاہ کو جوں کا توں رہنے دیا جائے۔ فلسطینیوں نے کہا تھا کہ وہ یہ ضمانت نہیں دے سکتے کہ یہودی عبادت گاہ کی بے حرمتی نہیں ہوگی۔ توقع ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے آخری قافلے بھی غزہ سے نکل کر اسرائیل چلے جائیں گے۔ تاہم غزہ کے آس پاس کے پانیوں اور فضائی حدود کا کنٹرول اسرائیل ہی کے پاس رہے گا اور وہ یہ نگرانی کرتے رہیں گے کہ غزہ میں کون آ یا جا رہا ہے۔ انخلا سے پہلے یہودی ربائیوں کے کہنے پر اسرائیلی کابینہ نے غزہ میں بنائی گئے یہودی عبادت گاہوں کو منہدم نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کی فلسطینی رہنماؤں نے تنقید کی۔ فلسطینیوں نے اسرائیل سے کہا کہ وہ خود ان یہودی عبادت گاہوں کو مندہم کردیں ورنہ انہدام کا یہ کام انہیں ہی کرنا پڑے گا۔ فلسطینی رہنما صائب ارکات نے کہا کہ وہ ان عبادت گاہوں کو دنیا کے سامنے منہدم کر کے اپنا تاثر دنیا کے سامنے خراب نہیں کرنا چاہتے ہیں تاہم فلسطینی یہ ضمانت نہیں دے سکتے کہ یہودی عبات گاہوں کا تقدس پامال نہیں ہوگا۔ اسرائیل نے غزہ پر اپنے قبضہ ختم کرنے کا باقاعدہ طور پر اعلان اتوار کو کیا تھا جبکہ پیر سے فوج نے انخلا کا آغاز کردیا۔ علاقے میں بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جانسٹن نے انخلا کے عمل کا منظر یہودی بستی کفار دفرام میں دیکھا۔ ان کے مطابق اسرائئلی ٹینکوں نے اندھیرے ہی میں غزہ سے باہر نکلنا شروع کردیا تھا۔ گزشتہ برسوں میں اس بستی ہر فلسطینی عسکریت پسندوں نے کئی بار حملے بھی کیے۔ فلسطینی اسرائیلی فوج سے نفرت کرتے ہیں اور ان کے انخلاء پر وہ بہت خوش ہیں۔ مگر غزہ میں لوگ زیادہ خوش نہیں ہیں کیوں کے اسرائیل غزہ کے ہوائی اڈے، بندر گاہوں اور سرحدوں پر اپنا قبضہ برقرار رکھے گا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں اسلحے کی سمگلنگ روکنا چاہتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||