فلسطینی سکیورٹی مشیر ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ میں پولیس حکام اور ڈاکٹروں کے مطابق سابق فلسطینی سکیورٹی چیف موسٰی عرفات کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔ موسٰی عرفات پر، جو مرحوم فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے کزن تھے، پہلے بھی دو مرتبہ قاتلانہ حملہ ہوچکا تھا۔ موسٰی ، جن کی عمر پینسٹھ برس تھی، فلسطینی رہنما محمود عباس کے سکیورٹی مشیر تھے۔ عینی شاہدوں کے مطابق کئی درجن مسلح افراد بدھ کی صبح ان کے گھر میں داخل ہوگئے لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ وہ کون تھے۔ بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جونسٹن کا کہنا ہے کہ موسٰی عرفات ایک متنازعہ شخصیت تھے اور جب یاسر عرفات نے انہیں فلسطین کی سیکورٹی کا انچارج بنانے کی کوشش کی تھی تو غزہ میں پر تشدد احتجاج کئے گئے تھے۔ یاسر عرفات کی تنظیم فتح کے اندر بھی کئی حلقے ان کی تعیناتی پر ناخوش تھے اور ان پر کرپٹ ہونے کا الزام عائد کرتے تھے۔ وہ عام فلسطینی عوام میں بھی بہت غیر مقبول تھے اور کرپٹ تصور کئے جاتے تھے۔ انیس سو نوے کی دہائی میں ملٹری انٹیلی جینس کے سربراہ کے طور پر موسٰی عرفات ایک سخت لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے اور انہوں نے 1996 میں حماس اور اسلامک جہاد کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار شدہ ارکان کو شرمندہ کرنے کے لئے ان کے سر اور داڑھی کے بال بھی کٹوا دئیے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||