’حماس نے فائربندی توڑ دی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ میں فلسطینی پولیس کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم حماس کے کارکنوں نےجنگ بندی کا معاہدہ توڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس کے مسلح افراد نے غزہ پولیس کے سربراہ کے گھر پر فائرنگ کی اور اس کے بعد فتح تنظیم کے ایک رہنما کے گھر پر بھی فائرنگ کی۔ فائرنگ میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس سے پہلے حماس اور فتح کے رہنماؤں نے مذاکرات کے بعد جنگ بندی کا اعلان کر دیا تھا۔ رات گئے غزہ شہر میں ایک اخباری کانفرنس میں ان رہنماؤں نے کہا تھا کہ اس بات پر اتفاق کے بعد مسلح افواج کو سڑکوں پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ لیکن اس اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد فتح کے کچھ مسلح افراد نے پولیس کے ایک چیک پوائنٹ پر رُکنے سے انکار کیا اور اس کے بعد پولیس کے سربراہ راشد ابو شباک کے گھر پر فائرنگ کی۔ اس کے بعد انہوں نے زہ میں فتح کے سربراہ عبداللہ افرنگی کے گھر پر بھی فائرنگ کی۔ اس علاقے میں گزشتہ چند روز سے کشیدگی قائم ہے۔ حماس نے گزشتہ چند روز کے اندر سو سے زیادہ راکٹ داغے ہیں اور اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر یہ حملے جاری رہے تو اس کی فوج علاقے میں داخل ہو جائے گی۔ فلسطینی پولیس کی کوشش رہی ہے کہ وہ حماس کو مزید تشدد سے باز رکھے تاکہ اسرائیل کے ساتھ طے فلسطینیوں کی فائربندی قائم رہ سکے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||