’پاکستان نےپیٹھ میں چھراگھونپا ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطین میں شدت پسند تنظیم اسلامی جہاد کے ہزاروں کارکنوں نے جمعہ کو غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیل کےساتھ رابطہ کرنے پر پاکستان کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ہے اور فلسطینی انتظامیہ نے اسرائیل اور پاکستان کے رابطے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین نے پاکستان اور اسرائیل کے درمیان ترکی میں ہونے والی ملاقات کی مذمت کرنے کے لیے بیت لحہیا سے جبالیا کے پناہ گزیں کیمپ تک مارچ کیا۔ اس مظاہرے میں اسرائیلی اور امریکہ جھنڈوں کو نذر آتش بھی کیا گیا اور مظاہرین نے ’دشمن کے ساتھ رابطے نامنظور‘ کے نعرے لگائے اور انتفادہ جاری رکھنے کا عزم کیا۔ اسلامی جہاد کے رہنما محمد الہندی نے فرانسیسی انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور تمام مسلمان ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل سے روابط استوار نہ کریں کیونکہ اسرائیل ابھی بھی فلسطینی علاقوں پر قابض ہے۔ حماس نے بھی اس ملاقات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی انخلاء پر اسلامی اور عرب ملک دھوکہ نہ کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل اور کسی بھی اسلامی ملک کے درمیان رابطے کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس رابطے کو فوری طور پر ختم کر دے۔ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل کے ساتھ رابط قائم کرکے فلسطینوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ فلسطین کے نائب وزیر اعظم نبیل شات نے پاکستان اور اسرائیلی وزراء خارجہ کے درمیان ملاقات کے فوراً بعد اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ اسرائیل جب تک حقیقی معنوں میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ نہیں ہوتا اس کو ’تحفے‘ نہیں دیے جانے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ اس طرح کے رابطے اُس وقت تک قائم نہیں کرنے چاہیں جب تک وہ تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو خالی نہ کر دے اور فلسطینی مہاجرین کا مسئلہ حل نہ کردے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||