سمگلنگ کی فضائی کوشش ناکام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تاجکستان کے سرحدی محافظوں نے افغانستان سے گلائیڈر کے ذریعے بیس کلو ہیروئن سمگل کرنے والے ایک افغان باشندے کو گولی مار کر زخمی کر دیا ہے۔ یہ واقعہ شروبود کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ افغان باشندے گزشتہ تین برس سے سمگلنگ کے لیے گلائیڈر استعمال کرتے رہے ہیں اور اس سے قبل انہیں مار گرانے کی کوششیں ناکام رہی ہیں۔ دیگر اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گلائیڈر دراصل ایک مشینی پیراشوٹ تھا۔ تاجک حکام کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر مذکورہ افغان باشندے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جو کہ گولی لگنے کے بعد بھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ تاجکستان کے سرحدی محافظوں کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سدامیر زخروو کا کہنا ہے کہ’ مفرور سمگلر کے پاس چھپنے کے لیے بہت کم جگہ ہے اور اس علاقے میں سرحدی محافظوں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے‘۔ تاجکستان افعانستان سے منشیات کی یورپ ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے اور سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اس برس کے آغاز سے اب تک تاجکستان میں قریباً آٹھ سو کلو افغان ہیروئن پکڑی جا چکی ہے۔ افغانستان میں دنیا بھر کی نوے فیصد پوست پیدا ہوتی ہے جس سے ہیروئن تیار کی جاتی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||