’القاعدہ ٹرک بم حملے کر سکتی ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی خفیہ اداروں کے حکام نے ملک کی پولیس ایجنسیوں کو خبردار کیا ہے کہ القاعدہ امریکہ کے بڑے شہروں میں تیل کے ٹینکروں کو استعمال کرتے ہوئے حملے کر سکتی ہے۔ اس تنبیہ میں کہا گیا ہے کہ تیل سے بھرے ٹینکروں کو اغوا کرنے کے بعد پیٹرول پمپوں سے ٹکرایا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رپورٹ میں نیو یارک، شکاگو اور لاس اینجلس کو ممکنہ طور پر حملوں کے مقامات قرار دیا گیا ہے۔ تاہم ایف بی آئی کے حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس وارننگ کی وجہ بننے والی اطلاعات حتمی نہیں ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ حملے گیارہ ستمبر کے حملوں کی چوتھی برسی کے موقع پر کیے جاسکتے ہیں۔ بدھ کو لاس اینجلس پولیس کے لیے جاری کی گئی ایک یادداشت میں کہا گیا ہے کہ’ حملوں کے لیے نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس کو چنا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ حملے بیک وقت ہوں گے یا نہیں‘۔ اس یادادشت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیل کے ٹینکروں کو اغوا کرنے کا منصوبہ ساز امریکہ میں موجود القاعدہ کے چھوٹے گروہ ہو سکتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||