’دہشت گردی‘ کے خلاف جیت کا عزم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر جارج بش نے جمعرات کو لندن میں ہونے والے بم دھماکوں کو مہذب دنیا پر حملے قرار دیا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بات قانون نافذ کرنے والے امریکی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن یا ایف بی آئی کی اکیڈمی میں اہلکاروں سے خطاب کرتے ہو کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک ہی طریقے سے ان حملوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے وہ یہ ہے کہ ہم اس جنگ کو دشمن کے اندر تک لے جائیں اور یہ جنگ دشمن کی شکستِ فاش تک جاری رہے گی۔ صدر بش نے عراق اور افغانستان میں امریکی فوجوں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کو شکست فاش دینے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ان کا پیچھا کیا جائے۔ ’جب ان کا مسلسل پیچھا کیا جائے تو وہ حملوں کی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے۔ اس لیے ہمارے اور ہمارے اتحادیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ شدت پسندوں کے خلاف جنگ جاری رکھے۔‘ صدر بش نے کہا کہ اس مشکل کھڑی میں برطانوی قوم کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ امریکی لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی و برطانیہ باہم مل کر اکیسویں صدی میں قتل و غارتگری پر مبنی نظریات کا مقابلہ کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||