چین: صحافی پر جاسوسی کا الزام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین نے باقدہ طور پر ہانگ کانگ کے پچپن سالہ صحافی چنگ چیونگ پر تائیوان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں مقدمہ قائم کر دیا ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چنگ چیونگ سنگاپور کے اخبار ’ سٹریٹ ٹائمز‘ کے چین میں اعلٰی ترین نمائندے ہیں اور انہیں گزشتہ اپریل میں جنوبی چین کے شہر گانگژو سے گرفتار کیا گیا تھا۔ چینی حکام نے ان پر 2000 سے مارچ 2005 کے درمیانی عرصے میں معلومات کی خریداری اور انہیں تائیوان کے خفیہ ذرائع کو فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ چنگ نے ایک فرضی نام استعمال کرتے ہوئے چین کی سیاسی، معاشی اور دفاعی معلومات خریدیں۔ اگر چنگ پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔ چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چنگ چیونگ کو ان معلومات کے بدلے کئی ملین ہانگ کانگ ڈالر دیے گئے۔ چینی حکام نے مئی میں یہ بھی کہا تھا کہ چنگ نے جاسوسی کے الزام کو قبول کر لیا ہے لیکن چنگ کی بیوی کا کہنا ہے کہ چنگ چین میں سابق چینی رہنما ژاؤ ژیانگ سے متعلقہ خفیہ کاغذات لینے گئے تھے۔ صحافیوں کی بین لاقوامی تنظیم نے مئی میں چنگ کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور اس تنظیم کے سبراہ کرسٹوفر وارن نے چین کو میڈیا پر کریک ڈاؤن کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||