’یوان کی قیمت نہیں بدلیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین کی وزیر اعظم وین جیاباؤ نے کہا ہے کہ ان کا ابھی اپنی کرنسی یوان کی قیمت کے از سر نو تعین کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ چین میں اتوار کو یورپی اور ایشیائی ممالک کے وزراء خزانہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر اعظم نے کہا کہ مستحکم یوان چین اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے یورپی وزراء خزانہ سے کہا کہ مستحکم یوان عالمی سطح پر معاشی استحکام اور تجارت میں فروغ کا باعث بنےگا۔ امریکہ کو چین کے نقطۂ نظر سے اختلاف ہے اور وہ کئی ماہ سے چین پر یوان کی قیمت میں اضافے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ چین کی حکومت نے پھر واضح کیا ہے وہ یوان کی قیمت میں اضافے کے لیے دباؤ قبول نہیں کرے گی۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ ایک ڈالر کے مقابلے میں آٹھ اعشاریہ تین یوان کی شرح مصنوعی حد تک کم ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ اس ایکسچینج ریٹ سے چینی مصنوعات کی قیمتیں کم ہو جاتی ہیں جس سے عالمی تجارت میں منفی رجحانات پیدا ہوتے ہیں۔ اس مطالبے کے درست یا غلط ہونے سے قطہ نظر چین اپنے مؤقف پر قائم نظر آتا ہےاور یوان کی قیمت کا از سر نو تعین کسی کے مطالبے پر نہیں بلکہ اس وقت ہوگا جب چین چاہے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||