BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 04 August, 2005, 02:10 GMT 07:10 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اسرائیل اور برطانیہ جوہری تعاون
اسرائیل کے ڈمونا جوہری پلانٹ کی سیٹلائٹ سے لی گئی فوٹو
اسرائیل کے ڈمونا جوہری پلانٹ کی سیٹلائٹ سے لی گئی فوٹو
اسرائیل کے جوہری پروگرام کے لیے اہم مواد اسے برطانیہ نے فروخت کیا تھا۔

یہ بات ان قدیم دستاویزات سے سامنے آئی ہے جن کا جائزہ بی بی سی کے پروگرام ’نیوز نائٹ‘ نے کیا ہے اور جن کی بنیاد پر اس نے بدھ کو ایک خصوصی رپورٹ نشر کی۔

برطانیہ کے قومی آرکائیو میں محفوظ ان دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ انیس سو اٹھاون میں برطانوی اہلکاروں نے اسرائیل کو بیس ٹن بھاری پانی فراہم کیا تھا جو کہ جوہری بم بنانے کے لیے اہم مسالہ ہوتا ہے۔

فرانس نے ڈمونا کے مقام پر بنائے گئے اسرائیلی پلانٹ کی تعمیر میں مدد کی تھی لیکن وہ اسے بھاری پانی فراہم نہیں کر سکا تھا۔ امریکہ نے بھی یہ فراہم کرنے سے اس لیے انکار کیا تھا کہ اسرائیل اسے یہ ضمانت دینے کو تیار نہیں تھا کہ یہ جوہری پلانٹ صرف پُر امن مقاصد کے لیے استعمال ہوگا۔

ایسے میں کچھ برطانوی اہلکاروں نے اسرائیل سے یہ سودا کیا اور دو برس پہلے ناروے سے خریدے ہوئے بھاری پانی کا زائد از ضرورت حصہ اسرائیل کو بھیج دیا۔ اہلکاروں نے اس کو ایسا ظاہر کیا جیسے کہ یہ سودا ناروے اور اسرائیل کے درمیان ہوا ہو۔

نہ برطانیہ کے اہم اتحادی امریکہ کو اس سودے کے بارے میں معلوم ہوا اور نہ ہی اس وقت کی برطانوی حکومت کو۔ اس وقت کے ایک دستاویز پر وزارت خارجہ کے اہلکار ڈونالڈ کیپ نے لکھا ہے کہ ’بہتر یہی ہوگا کہ اس کا ذکر ہم امریکیوں سے نہ کریں‘۔

امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے دور حکومت میں وزیر دفاع رہنے والے رابرٹ میکنامارا نے اس سلسے میں ’نیوزنائٹ‘ سے کہا کہ وہ اس معاملے پر حیران ہیں۔

’مجھے اس لیے حیرانی ہے کہ ہم اس وقت برطانیہ کو جوہری بم کے بارے میں تمام معلومات سے آگاہ رکھ رہے تھے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کو معلومات دے رہے تھے۔‘

سابق برطانوی وزیر دفاع لارڈ گِلمور نے بھی ان انکشافات کو حیران کُن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سودے میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو یقیناً پتہ ہوگا کہ اسرائیل اس بھاری پانی کو جوہری بم تیار کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔ان کا کہنا تھا ’ایسے لگتا ہے کہ وہ لوگ اس سودے سے پیسا کمانے کے چکر میں تھے‘۔

انیس سو اکسٹھ میں جب اسرائیل نے برطانیہ سے پھر بھاری پانی فراہم کرنے کی درخواست کی تو اسے منع کر دیا گیا۔

اسرائیل نے آج تک جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی معاہدے پر دستخط نہیں کیا ہے لہذا عالی جوہری ادارہ اس کی تنصیبات کا معائنہ نہیں کر سکتی۔ اس کا یہ بھی موقف رہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے ہونے یا نہ ہونہ پر کچھ نہیں کہے گا۔

66خمیازہ کیا ہوگا؟
جوہری پھیلاؤ کے ثبوت مل گئے تو۔۔۔
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد