 |  سلامتی کونسل نےقرار داد متفقہ طور پر منظور کی |
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے القاعدہ اور طالبان کے خلاف پابندیوں کے دائر کار کو وسیع کرنے کے لیے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی ہے۔ اس قراد داد میں ان کارروائیوں کی تشریح کی گئی ہے جن میں ملوث پائے جانے والے کس شخص یا گروپ کے ارکان کے خلاف بین القوامی سفرکرنے پر پابندی اور عالمی سطح پر اس کے اثاثوں کو منجمد کرنے جیسے اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ اس قرار داد میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول کے درمیان القاعدہ اور طالبان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف موثر طور پر کارروائی کرنے کے لیے بہتر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں سفارت کاروں کا خیال ہے کہ اس نئی قرار داد سے حکومتوں کو یہ سمجھنے میں مزید آسانی ہو گی کہ کس قسم کے لوگوں اور گروپوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔ |