امریکہ نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں پیش کی جانے والی وہ قرارداد ویٹو کردی ہے جس میں غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن کو روکنے اور مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس قرارداد کو ویٹو ایک ایسے موقعہ پر کیا گیا ہے جب اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں منگل کے روز بھی میزائیلوں سے دو حملے کئے جن میں پانچ فلسطینی ہلاک ہوگئے جن میں اسلامی جہاد کے ایک بڑے رہنما بھی شامل ہیں۔ چھ روز پہلے شروع ہونے اس اسرائیلی آپریشن میں اب تک ستر فلسطینی اور پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اس آپریشن سے فلسطینیوں کی طرف سے اس کے خلاف ہونے والے میزائیل حملے روکنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس سے پہلے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے سکول جاتی ہوئی ایک بچی کو ہلاک کردیا۔ ایک فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ بچی ایک ممنوعہ ایریا میں داخل ہوگئی تھی اور فوجیوں نے یہ سمجھا کہ اس کے سکول بیگ میں بم ہے۔ |