’میں معمولی سا زخمی ہوا تھا‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیٹ پر ایک آڈیو پیغام میں ایک شخص نے امریکہ کو انتہائی مطلوب ابو مصعب الزرقاوی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ ’میں معمولی سا زخمی ہوا تھا‘۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے ’اس اطلاع کے بعد کہ میں شدید زخمی ہوگیا ہوں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ سب افواہیں ہیں اور بے بنیاد باتیں ہیں۔‘ فوری طور پر یہ تصدیق نہیں کی جا سکی کہ انٹرنیٹ پر جو پیغام ریکارڈ کرایا گیا ہے کہ اس کی آواز الزرقاوی ہی کی ہے یا نہیں۔ پچھلے ہفتے ایک شدت پسند ویب سائٹ نے یہ رپورٹ دی تھی کہ ایک لڑائی میں ابو مصعب الزرقاوی زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد مختلف ویب سائٹس پر زرقاوی کی صحت سے متعلق مختلف اور متضاد باتیں شائع کی گئی ہیں۔ ان میں سے کچھ کے مطابق وہ زخمی ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی کارروائیوں کے لیے کمان ایک نائب کو سونپ دی ہے۔ دوسری قسم کی اطلاعات یہ تھیں کہ زرقاوی تندرست ہیں اور عراق میں مزاحمتی کارروائیوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اس کے خیال میں الزرقاوی ایک حالیہ لڑائی میں زخمی ہوئے تھے اور گرفتاری سے بال بال بچے تھے۔ تازہ ترین انٹرنیٹ پیغام میں جو بظاہر پیر کے روز پوسٹ کیا گیا اس آواز نے جو اپنے آپ کو الزرقاوی کہہ رہی تھی یہ کہا کہ وہ عراق میں ہیں اور بالکل ٹھیک ہیں۔ ’میں اپنے بھائیوں اور اپنے لوگوں کے ساتھ ہوں اور مذہب کے دشمنوں کے خلاف نبرد آزماء ہوں۔‘ اس سے پہلے یہ خبر آئی تھی کہ زرقاوی انٹرنیٹ پر اسامہ بن لادن کو تہنیت کا پیغام دیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||