ایران:امیداروں کا نیا ریکارڈ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران میں اگلےماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں امیدواروں کی ایک ریکارڈ تعداد حصہ لے رہی ہے۔ ایک ہزار دس امیداروں نے اپنی نامزدگی کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ کاعذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہفتہ چودہ مئی تھی۔ اب ملک کی مجلس نگہبان اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ ان امیداروں میں سے کون کون انتخاب لڑ سکے گا۔ صدارتی امیداروں کی اس ریکارڈ تعداد میں نواسی خواتین بھی شامل ہیں لیکن مجلس نگہبان پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ عورتیں صدارتی امیدار نہیں بن سکتیں۔ ایران کے سابق صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی ان امیداروں میں شامل ہیں جنہیں اشارہ مل چکا ہے کہ ان کے نام امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل ہوں گے۔ تہران میں بی بی سی کے نامہ نگار فرانسس ہیریسن کا کہنا ہے کہ اگرچہ اکبر ہاشمی رفسنجانی، جو کہ انیس سو نواسی سے ستانوے تک دو معیاد کے لیے صدر رہے ہیں، کو ایک عملی قدامت پسند کے طور پر جانا جاتا ہے جو مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے تیار ہیں لیکن معاشرتی طور پر دیگراصلاح پسندوں سے زیادہ روایت پسند ہیں۔ دیگر صدارتی امیدواروں میں تہران کے میئر محمود احمدی نجاد اور ملک کی پولیس کے سابق سربراہ محمد باقر قالیباف بھی شامل ہیں۔ کئی سیاسی مخالفین کے علاوہ قومی فٹبال ٹیم کےسابق گول کیپر ناصر حجازی جیسےغیرسیاسی لوگ بھی صدارتی امتخابات میں امیدوار طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق عمر کے لحاظ سےصدارتی امیدوروں میں ایک سولہ سالہ لڑکے کے علاوہ اور ایک چھیاسی سالہ ضیعف شخص بھی شامل ہیں۔ سن دو ہزار ایک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں امیداوروں کی تعداد آٹھ سو چودہ تھی۔ یاد رہے ملک کے موجودہ صدر محمد خاتمی صدارتی امیدواروں میں شامل نہیں کیونکہ ملک کا آئین کسی کومسلسل تیسری مدت کے لیے صدارتی امیدوار ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔ مجلس نگہبان صدارتی امیداروں کے کاغذات پر حتمی فیصلہ دس دن میں کرے گی۔ گزشتہ سال پارلیمانی انتخابات میں تقریباً دو ہزار امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا گیا تھا، دوسرے الفاظ میں بیشتر اصلاح پسندامیدواروں کوان انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا گیا تھا۔ تاہم ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے شاید اس مرتبہ مجلس نگہبان قدرے محتاط ہو گی کیونکہ انہیں یہ خطرہ بھی ہے کہ انتخابات میں ووٹروں کی کم تعداد مجلس کی حیثیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||