جلال آباد، کابل میں مظاہرے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کیوبا میں خلیجِ گوانتانامو بے میں قائم امریکی قید خانے میں فوجیوں کے ہاتھوں قرآن کے تقدس کو پامال کیے جانے کے الزامات کے معاملے پر سینکڑوں افغان طلباء نے کابل میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے پہلے افغانستان ہی کے شہر جلال آباد میں گوانتانامو بے کے امریکی فوجی جیل میں قیدیوں پر تشدد کے دوران قرآن کی مبینہ بےحرمتی کے واقعات کی خبروں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے تھے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ اور الزامات ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کو سزا دی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے جلال آباد میں پولیس نے مظاہرین پر اس وقت فائرنگ شروع کر دی جب مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں، دکانوں اور ایک گزرتے ہوئے امریکی قافلے پر پتھراؤ کیا تھا۔ جلال آباد میں مظاہروں کے بعد شہر کی سڑکوں پر امریکی فوج کو تعینات کر دیا گیا تھا۔ جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے پر بھی مظاہرین نے پتھراؤ کیا، عمارت کو آگ لگائی اور قونصل خانے کی دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا تھا۔ اس واقعہ پر بدھ کے روز اسلام آباد میں موجود افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے انہیں حکومتی تشویش سے آگاہ کیا گیا اور کہا گیا کہ مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسا واقعہ نہ دہرایا جا سکے۔ اقوام متحدہ نے جلال آباد میں موجود اپنے غیر ضروری عملے کو واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||