ایران اورشمالی کوریا پر تنقید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران اور شمالی کوریا جیسے ممالک کو جوہری توانائی کے فوائد سے محروم رکھا جانا چاہئیے، کیونکہ ان ممالک نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے یعنی ’این پی ٹی‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔ امریکی نائب خارجہ سیکریٹری سٹیون ریڈمیکر نے کہا کہ یہ دونوں ممالک جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے اس مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے۔ مسٹر ریڈمیکر نے این پی ٹی کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی کانفرنس کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ایران نے اس الزام کی تردید کی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ منگل کو کانفرنس میں اپنے جوہری توانائی کے پروگرام کا دفاع کرے گا۔ ملیشیا سمیت کئی ممالک نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدہ میں توازن کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیار کے پھیلاؤ کی جگہ امریکہ سمیت دیگر جوہری صلاحیت رکھنے والے ممالک کو غیر مسلح کرنے پر توجہ دی جانی چاہئیے۔ ملیشیا اس کانفرنس میں غیر وابسطہ ممالک کی تنظیم کی نمائندگی کر رہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||