 |  صدر بش نے ایریل شیرون کی ہمت افزائی بھی کی |
امریکہ کے صدر بش نے ٹیکساس میں اسرائیل کے وزیرِ اعظم ایریل شیرون کو ملاقات کے دوران بتایا ہے کہ وہ عالمی نقشہ راہ کی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور غربِ اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے اجتناب کیا جائے۔ مسٹر شیرون نے کہا کہ اسرائیل روڈ میپ کے تقاضوں کو سمجھتا ہے اور وہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا جس میں صدر بش نے اس امید کا اظہار کیا کہ فلسطینی رہنما محمود عباس وقت کی نزاکت کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کریں گے جس سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ صدر بش نے غربِ اردن اور غزہ کی پٹی کے کچھ علاقوں سے یہودی آباد کاروں کے انخلاء پر مسٹر شیرون کی ہمت افزائی کی تاہم اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے ابھی حال ہی میں یروشلم کے مضافات میں یہودی بستیوں کی توسیع کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے امن کے عمل کو دھچکا لگ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے یروشلم کے قریب مالے عدومم کے مقام پر ساڑھے تین ہزار نئے مکانات بنانے کی منظوری دی ہے۔ اسرائیل کے وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر بش نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اور اس کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلاتے رہیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اگر اسرائیل نے بستیوں کی تعمیر نہ روکی وہ کیا عمل اختیار کریں گے۔ |