بغداد: تین پولیس اہلکار ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بغداد کے مرکزی پولیس سٹیشن کے سربراہ سمیت تین پولیس افسران کوگولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے اس وقت پیش آیا جب لیفٹیننٹ کرنل احمد عبیس اور ان کے دو ساتھی اپنے دفتر کی جانب جا رہے تھے ۔ عینی شاہدین کے مطابق ان کی کار کو بغداد کے جنوب مغربی علاقے السعدیہ میں ایک جعلی شناختی چوکی پر روکا گیا اور پھر مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ فروری میں انتخابات کے بعد تشدد کے واقعات میں آنے والی کمی اب ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور ان واقعات میں دوبارہ تیزی آ گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عراق کے فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ فوج کے ایک گشتی قافلے پر سڑک کے کنارے نصب ایک بم سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس واقعے میں ایک گاڑی تباہ ہو گئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مرکزی بغداد میں ایک کار بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||