عراق: دو کار بم دھماکے، پانچ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عینی شاہدین کے مطابق عراقی وزارتِ داخلہ کی عمارت کے قریب ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ کار بم دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے یکے بعد دیگرے ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ بغداد کے مشرقی حصے میں ہونے والے ان بم دھماکوں کا نشانہ وزارت کی عمارت کے باہر ایک پولیس چوکی تھی۔ ایک پولیس اہلکار محمد جعفر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ ایک کار نے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کی اور روکنے پر حملہ آور نے اسے دھماکے سے اڑا دیا۔ اس دھماکے سے بہت زیادہ دھواں پیدا ہوا اور ہمیں کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔‘ اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ دو منٹ بعد ایک جیپ چوکی پر پہنچی اور اس میں سے مشین گن سے فائرنگ ہونے لگی۔عراقی سکیورٹی فورسز نے اس کو روکنے کے لیے فائرنگ بھی کی مگر اتنی دیر میں وہ جیپ بھی دھماکے سے اڑ گئی۔ یاد رہے کہ بدھ کو بغداد میں ایک فوجی اڈے اور ایک عراقی فوجی قافلے پر کار بم حملوں میں تیرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ دریں اثناء بدھ کو بابل میں مرنے والے امریکی فوجی کے ساتھ ہی عراق میں اب تک ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد پندرہ سو تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے ایک ہزار سے زیادہ فوجی جنگ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||