 |  مائیکل جیکسن پر بچوں سے جنسی زیادتی کے الزامات ہیں |
مشہور پاپ سٹار مائیکل جیکسن کے خلاف بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں ہونے والی سماعت کے دوران مدعی بچے کی بہن نے عدالت کو آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا کہ مائیکل جیکسن نے اپنے رینچ پر اس کے بھائی کو شراب پلائی تھی۔ لڑکی کے مطابق مائیکل جیکسن نے اس کے بھائی سمیت دو مزید چھوٹے لڑکوں کے ساتھ شراب نوشی کی۔ لڑکی نے مزید بتایا کہ مائیکل جیکسن کے ساتھیوں نے اس کے گھر والوں کو اس وقت علیحدگی میں لے جا کر ان پر دباؤ ڈالا جب استغاثہ نے لڑکی کے بھائی کے ساتھ زیادتی کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ تاہم عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار، چھیالیس سالہ مائیکل جیکسن نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے دس الزامات اور بچوں کو حبسِ بےجا میں رکھنے کی تردید کی ہے۔ اگر یہ تمام الزامات درست ثابت ہو جاتے ہیں تو مائیکل جیکسن کو اکیس برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ جمعرات کی صبح عدالت کو ایک وڈیو فلم دکھائی گئی جس میں پولیس کو نومبر 2003 میں جیکسن کے رینچ پر چھاپہ مارتے دکھایا گیا ہے۔ اس وڈیو میں گلوکار کے کمرے کے علاوہ دو دیگر کمروں کے مناظر بھی شامل ہیں جو کھلونوں اور گڑیوں سے بھرے نظر آ رہے ہیں۔ |