 |  ویلنٹائن ڈے کی مصنوعات غیر قانونی طور پر فروخت ہو رہی ہیں |
سعودی عرب میں پیر کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر گُل فروشوں کے سرخ گلاب فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب میں بھلائی کے فروغ اور برائی کے قلع قمع کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کیا ہے جو عرفِ عام میں متویٰ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ ریاض میں پھول فروشوں نے بتایا ہے کہ ملک کی مذہبی پولیس ویلنٹائن ڈے کے موقع پر سرخ گلاب، ٹیڈی بیئر یعنی بھالوں کی شکل کے کھلونے، مبارکباد کے کارڈ اور سرخ رنگ کے دیگر دل نما تحائف پر پابندی کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں تاکہ سعودی عوام اس دن کی خوشی نہ منا سکیں۔ تاہم نامہ نگاروں کے مطابق یہ کاروبار اب غیر قانونی طور پر پھل پھول رہا ہے اور بعض دکانوں پر پہلے سے موجود سامان مستقل کے چاہنے والوں کو خفیہ طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس فلپائن میں ہزاروں عاشق دارالحکومت منیلا میں جمع ہوئے اور بوس و کنار کیا۔ بوسوں کی یہ بھرمار عین نصف شب کے موقع پر کی گئی جس کے ساتھ ہی پورا آسمان رنگا رنگ آتشبازی سے بھر گیا۔ منیلا کے میئر نے کہا کہ یہاں جوڑوں کو جمع کرنے کی کوشش اس لیے کی گئی ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے سے پہلے محبت و الفت کا اظہار کریں۔ |